اسباق آرگینن آف میڈیسن

آج ہم پڑھیں گے ،شفا کا بلند ترین معیار کیا ہے؟

ہومیوپیتھک فزیشن کا واحد مشن یہ ہے کہ وہ شفا کے بلند ترین معیار کو حاصل کرے اور “شفا کا بلند ترین معیار” درج ذیل ہے

1. شفا تیز ترین ہو۔
وضاحت:کسی بیماری کی تیز ترین شفا کا دورانیہ بیماری کی نوعیت پر منحصرہوتا ہے۔ اگر بیماری ایکیوٹ ہو اورایک مخصوص اور معین مدت میں خود بہ خود ختم ہو جانے والی ہو، تو اسے اس کے اس مخصوص کورس سے پہلے ٹھیک کر دینا چاہیے ۔ دوسرے الفاظ میں، شدید کیسز کو فوری طور پر ختم کرنا چاہیے۔ لیکن کرانک (دائمی) بیماریوں کو علاج کے لیے نسبتاً زیادہ وقت درکار ہوتا ہے کیونکہ ان بیماریوں نے مریض کے ٹشوز میں تبدیلیاں پیدا کردی ہوتی ہیں۔

2. نرمی کے ساتھ ہو اور مزید نقصان دہ نہ ہو۔
وضاحت: علاج اس طریقے سے کیا جائے کہ مریض کی موجودہ تکلیف میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے، اس لیے اسے نرم ہونا چاہیے۔ ہمیں مریض کو مزید نقصان پہنچانے کا کوئی حق نہیں۔ ڈاکٹر ہانیمن کے دور میں علاج کے لئے خون بہانے، جلاب دینے، کٹ لگانے اور آگ سے داغنے جیسے طریقے اپنائے جاتے تھے، جو بیماری سے زیادہ نقصان دہ تھے۔ اس لئے تکلیف دہ طریقوں سے بھی بچنا ہے۔

3. مستقل طور پر ہو۔
وضاحت:اس کا مطلب ہے کہ بیماری کے دوبارہ ہونے کا کوئی امکان نہ ہو۔ علاج کے بعد صحت یابی مستقل ہونی چاہیے۔ محض علامات کو دور کرنا یا مریض کی تکالیف اور علامات کو دبادینا حقیقی معنوں میں صحت یابی نہیں کہلاتا۔ لہذا اصل مشن شفا حاصل کرنا ہے۔

4. کم سے کم وقت میں ہو۔
وضاحت:یہ ایک نسبتی اصطلاح (Relative term )ہے ، ایسا اس وقت ممکن ہوتا ہے جب زیادہ سے زیادہ بالمثل میڈیسن کاانتخاب کیا گیاہو۔ جب کوئی دوا علامات کے مجموعے کی زیادہ سے زیادہ مماثلت کی بنیاد پر دی جاتی ہے ،تو توقع کی جاتی ہے کہ مریض جلد صحت یاب ہو جائے گا۔ علاج کے انتخاب کا یہ سیدھا سا طریقہ وقت کی بچت کرتا ہے اور قابل اعتماد بھی ہوتا ہے۔

5. بیماری کا وجود مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہو۔
وضاحت:ایک بیماری جس کی بہت سی علامات ہوتی ہیں۔ کچھ علامات زیادہ پریشان کن اور تکلیف دہ ہوتی ہیں اور کچھ کم پریشان کن ہوتی ہیں۔ اس لیے ہمیں محض زیادہ پریشان کن علامات کو دور کرنے پر ہی مطمئن نہیں ہونا چاہیے ،کیونکہ ہر علامت نارمل صحت کی حالت سے انحراف کو ظاہر کرتی ہے۔ بیماری کو مکمل طور پر اس کی تمام علامات سمیت ختم کرنا ضروری ہے۔ لہذا نارمل صحت کی حالت کوبحال کرنے کے لیے ہر علامت کو دور کرنا ضروری ہے تاکہ شفا کا بلندترین معیار حاصل کیا جاسکے۔

6. نہایت قابل اعتماد اور بہت بے ضرر طریقے سے حاصل ہو۔
وضاحت:جب کسی بیماری کی علامات “ہیرنگ کے قانون” کے مطابق ختم ہو رہی ہوتی ہیں، تو ہم یقین کر سکتے ہیں کہ بیماری بالآخر صحت یاب ہو جائے گی۔ اس قانون کے مطابق ،علامات اوپر سے نیچے، اندر سے باہر، مرکز سے کنارے، زیادہ اہم سے کم اہم عضو تک، اور ان کے آنے کے الٹ ترتیب میں ختم ہوتی ہیں، یعنی جو علامات آخر میں آئیں وہ پہلے ختم ہوتی ہیں۔

7. علاج شفاف، سیدھے سادے اور آسانی سے سمجھ میں آجانے والے اصولوں کے مطابق ہو۔

والسلام
ہومیوپیتھک ڈاکٹر رفعت نواب مصعب
فیصل آباد
0321-6693815

Leave a comment